برطانوی تعاون سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ سے زائد بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ 35 ہزار سے زائد اسکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرلیا گیا۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پروگرام کے تحت اردو پڑھنے کی صلاحیت 15 فیصد سے بڑھ کر 78 فیصد ہوگئی، جبکہ انگریزی پڑھنے کی شرح بھی 15 فیصد سے بڑھ کر 45 فیصد تک پہنچ گئی۔

پروگرام کے دوران بچوں میں تفریق کی مہارت 37 فیصد سے بڑھ کر 67 فیصد ہوگئی، جبکہ 500 سے زائد سرکاری اسکولوں کے طلبہ اس اقدام سے مستفید ہوئے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق 48 ہزار طلبہ کو اضافی تعلیمی معاونت فراہم کی گئی، 5 ہزار 500 سے زائد اساتذہ اور 250 ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کی گئی جبکہ 400 اسکولوں کی بنیادی سہولیات میں بھی بہتری لائی گئی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ بچوں کے بہتر تعلیمی نتائج میں اساتذہ کا بنیادی کردار ہے۔ کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب اساتذہ نئے طریقۂ تدریس کو مستقل طور پر اپنائیں۔

جین میریٹ کے مطابق حکومتی اداروں، اسکولوں اور مقامی برادریوں کے اشتراک سے نمایاں نتائج سامنے آئے ہیں۔ جو بچے پہلے سادہ جملہ بھی نہیں پڑھ سکتے تھے، اب وہ خود پڑھنے کے قابل ہورہے ہیں۔