تہران (4 مئی 2026): ایران نے آبنائے ہرمز کا نیا نقشہ جاری کر دیا ہے اور بحری حدود میں توسیع کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

ایرانی میڈیا فارس نیوز کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کا نیا نقشہ جاری کرتے ہوئے اپنی بحری حدود میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز پر ایرانی کنٹرول میں اضافہ کرتے ہوئے دفاعی حدود قشم سے فجیرہ تک پھیلا دی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران کا اسٹریٹیجک آبی گزرگاہ پر اثر و رسوخ مزید بڑھ گیا ہے اور نئے نقشے کے مطابق ایرانی بحری حدود کوہ مبارک سے فجیرہ تک وسیع کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے متعلق نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی انتظامی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

ترجمان آئی آر جی سی کے مطابق منظور شدہ پروٹوکول کے تحت جہازوں کی نقل و حرکت محفوظ رہے گی۔ طے شدہ راستوں اور اجازت کے ساتھ جہازوں کا سفر محفوظ ہوگا۔

آئی آر جی سی کا مزید کہنا ہے کہ بغیر اجازت نقل و حرکت سنگین خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے، خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو زبردستی روکا جائے گا۔