اسلام آباد (30 مارچ 2026): وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہم ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں، خطے میں کشیدگی کے فوری خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انھوں نے لکھا کہ جنگ سے ایران سمیت کئی مسلم ممالک میں جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے، ایران سمیت برادر مسلم ممالک میں معیشت اور املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی، ترکیہ اور مصر کے گراں قدر تعاون کو سراہتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا میں علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں پر اعتماد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے ترکیے، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم نے معزز مہمانوں کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، اور کہا پاکستان ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ حاکان فیدان اور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر اپنے ملکوں کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کو یقین دہانی کرائی پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا، اور موجودہ بحران میں سعودی عرب کی جانب سے غیر معمولی تحمل کو سراہا۔ وزیر اعظم نے ان کو امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں سے آگاہ کیا، اور نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ Post navigation ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے قتل کا کیس، تمام ملزمان باعزت بری کلفٹن میں نجی سپر اسٹور کے اے ٹی ایم مشین میں لگی آگ پھیلنے لگی