تہران : ایرانی چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے خلیجی ممالک کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ایران خطے میں ہونے والی ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ، کوئی سرگرمی پوشیدہ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے خلیجی ریاستوں کو شدید خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امریکی افواج کو کسی بھی قسم کی سہولت یا معاونت فراہم کرنا ایران کے خلاف جنگ میں براہِ راست شرکت تصور کیا جائے گا۔

فارس نیوز ایجنسی کی جانب سے کہا گیا کہ چیف آف اسٹاف نے ان علاقائی ممالک کے دعوؤں کو مسترد کر دیا جو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے کا اعلان کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی انٹیلی جنس کی نظروں سے کچھ بھی پوشیدہ نہیں ہے، ہماری نظر ہر سرگرمی پر ہے، خلیجی اڈوں پر امریکی جنگی اور خصوصاً فضا میں ایندھن بھرنے والے طیاروں کی اتنی بڑی تعداد میں موجودگی میزبان ممالک کی اجازت اور علم کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے واضح کیا کہ امریکی عسکری طاقت کو کسی بھی قسم کی لاجسٹک سہولت یا معاونت کی فراہمی کو واشنگٹن کی افواج کے ساتھ براہِ راست عسکری شراکت داری سمجھا جائے گا، جس کے نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔