ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا طویل عرصے سے انٹیلی جنس کی ناکامیوں کے باعث غلط اندازے لگاتا رہا ہے، ایران کے خلاف جنگ انٹیلی جنس کی ناکامیوں کی ایک واضح مثال ہے۔

ایک پیغام میں عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے میں اس سے بھی بڑی غلط فہمی یا غلط اندازے کا خطرہ ہے، جعلی خبروں سے بھی زیادہ خطرناک چیز جعلی انٹیلی جنس ہے، محتاط رہیں۔ اللہ زمین کی کسی بھی طاقت سے کہیں زیادہ طاقتور ہے، ہم اللہ پر بھروسہ کرتے ہیں۔

قبل ازیں عباس عراقچی نے فرانس اور دیگر مغربی ممالک کی منافقت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس و دیگر مغربی ممالک ایران میں داخلی اختلافِ رائے سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر تہران کی مذمت تو کرتے ہیں، لیکن مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل کی مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کوئی مؤثر اقدام نہیں کرتے۔

عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ فرانس جیسے ممالک کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون پر لیکچر دینا بند کر دینا چاہیے، ان کی منافقت واضح اور شرمناک ہے۔