چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ الیکشن جیت کر گلگت بلتستان ہاؤسنگ پروجیکٹ شروع کریں گے۔

غذر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ 7 جون کو اپنے حق حاکمیت کے لیے نکلیں اور پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں، حق حاکمیت، حق ملکیت کے ساتھ حق روزگار کا بھی وعدہ کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی پیپلزپارٹی کی تین نسلوں کا ٹریک ریکارڈ ہے، قائد عوام نے ملک کے اندر اور باہر بھی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے، عوام کو نوکریاں دینے پر دوسری جماعتوں نے شہید بینظیر بھٹو پر مقدمے کیے لیکن انہوں نے کہا اگر نوکریاں دینا جرم ہے تو یہ جرم میں بار بار کروں گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی حکومت جانے کے بعد صوبائی حکومتوں نے نوکریاں دینے کے بجائے چھینیں، وفاق میں ن لیگ حکومتی اداروں سے لوگوں کو بے روزگار کررہی ہے، پی پی روزگار دیتی ہے یہ چھینتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی واحد جماعت ہے جو وعدوں پر عملدرآمد کرسکتی ہے، ہمارے سوا دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی منشور ہے نہ کوئی نطریہ ہے، گلگت بلتستان میں دیگر سیاسی جماعتیں زبردستی حکومت کرنا چاہتی ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ اسلام آباد کی کوئی مدد نہیں چاہیے، جی بی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بجلی گھر بنائیں گے، جی بی میں 50 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جی بی کے لوگ اپنی پیدا کی گئی 50 ہزار میگا واٹ بجلی اسلام آباد اور دیگر شہروں کو بیچیں گے، اقتدار میں آکر آپ کے مسائل کو حل کریں گے