تہران (20 مارچ 2026): ایران نے دشمن ممالک اسرائیل اور امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اس کے اہلکار دنیا بھر میں غیر محفوظ ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان جنرل ابوالفضل شکرچی نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمنوں کیلیے ہر جگہ خطرہ بڑھ گیا ہے، امریکیوں کیلیے تفریحی مقامات اور پارکس بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ایران کی جانب سے دشمنوں کو ہر جگہ نشانہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی میڈیا نے بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نائینی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری باضابطہ بیان میں جنرل علی محمد نائینی کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی اور کہا گیا کہ ان کو اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ میزائل حملے میں نشانہ بنا کر شہید کیا گیا۔

اس موقع پر پاسدارانِ انقلاب نے واضح کیا کہ تہران کی دفاعی صلاحیتیں برقرار ہیں اور ایران اب بھی میزائل بنانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بیان اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے اس حالیہ دعوے کے جواب میں سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران اب مزید میزائل بنانے کی صلاحیت کھو چکا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے نیتن یاہو کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اپنی عسکری قوت کی پائیداری کا اعادہ کیا ہے۔