لاہور (26 جولائی 2026): استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں قومی مفاد، شعور اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا ووٹ استعمال کریں، کیوں کہ یہ انتخابات خطے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے اہم ہیں۔

علیم خان ے ویڈیو پیغام میں کہا آزاد کشمیر کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں مقامی سطح پر ریونیو پیدا کرنے کے مؤثر ذرائع قائم کیے جائیں، جب تک آزاد کشمیر اپنی معیشت کو مضبوط نہیں بنائے گا اور اپنی آمدنی میں اضافہ نہیں کرے گا، اس وقت تک ترقی کے بڑے منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے خواب کو عملی شکل دینا ممکن نہیں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت سازگار ماحول فراہم کرے تاکہ مقامی و بیرونی سرمایہ کاری، صنعت و تجارت اور معاشی ترقی کو فروغ مل سکے، اور نوجوانوں کو روزگار ملے۔

علیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی حسن، دلکش وادیوں اور بے مثال سیاحتی مقامات سے مالا مال خطہ ہے، اس لیے سیاحت کا فروغ خطے کی ترقی کی بنیاد بن سکتا ہے، اگر سیاحتی شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دی جائے، بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے تو آزاد کشمیر میں ریونیو بڑھے گا۔

انھوں نے کہا انتخابات ہر پانچ سال بعد عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیتے ہیں، اس لیے ووٹ ڈالتے وقت ذاتی وابستگیوں یا وقتی نعروں کی بہ جائے اپنے بچوں کے روشن مستقبل، اپنے علاقے کی ترقی، آزاد کشمیر کی خوش حالی اور آنے والی نسلوں کے بہتر کل کو مدنظر رکھا جائے۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بار ان عناصر کے دھوکے میں نہ آئیں جو ماضی میں بارہا عوام سے بڑے بڑے وعدے کرتے رہے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انھیں پورا نہ کر سکے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ووٹ ڈالنے سے پہلے ہر شہری اپنے علاقے کی محرومیوں، آزاد کشمیر کو درپیش مسائل، ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں اور عوام سے کیے گئے ادھورے وعدوں کا ضرور جائزہ لے۔