کراچی کے اہم منصوبوں پر کام مارچ تک شروع ہو جائے گا،، سینئر صوبائی وزیر کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کراچی کے شہری ہر شعبے میں ترقی کی تبدیلی محسوس کریں، کراچی کے اہم منصوبوں پر کام مارچ تک شروع ہو جائے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کو پاکستان کا سب سے ترقی یافتہ اور جدید شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے، کراچی کی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، شہر کی سڑکوں کو بہتر بنانے کے لیے 194 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے شاہراہِ بھٹو کوریڈور، ملیر ندی پل اور مختلف انڈر پاسز و فلائی اوورز پر کام جاری ہے، یہ منصوبے ٹریفک کے دباؤ کو کم کریں گے اور شہر کی مجموعی آمد و رفت بھی تیز ہوگی، کراچی کے اہم منصوبوں پر کام مارچ تک شروع ہو جائے گا، معیار اور وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں 9 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی توسیع اور نئے میڈیکل کالجز کے قیام کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، 155.34 ارب روپے کے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے ریڈ، ییلو اور اورنج لائن کے لیے وقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے شہری ہر شعبے میں ترقی کی تبدیلی محسوس کریں، ہمارا ہر منصوبہ، ہر روپیہ، کراچی کے باشندوں کی زندگیوں میں بہتری، سہولیات اور خوشحالی لانے کے لیے وقف ہے۔ Post navigation حكومتِ سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت 3 بڑے ترقياتى سنگ ميل سال 2025 میں پاکستانیوں نے انٹرنیٹ پر کن شخصیات کو زیادہ سرچ کیا؟