عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی آج 18ویں برسی منائی جارہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر یادگاری تقریبات کا اعلان کیا ہے۔

برسی کے سلسلے کی مرکزی تقریب آج سہ پہر لاڑکانہ میں نوڈیرو کے قریب گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہوگی، مرکزی تقریب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔

ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے کارکن اور پارٹی رہنما بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کریںگے، صدر آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری، جامع اورروشن خیال پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر مملکت نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہم ایک ایسی رہنما کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں جن کی زندگی اور قربانی کو پاکستان کے جمہوری سفر سے الگ نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کے اختیار اور عوام کے اپنے نمائندوں کے انتخاب کے حق کیلئے چٹان کی طرح کھڑی رہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وژن ایک ایسے وفاق کا تھا جہاں تمام مذاہب کے شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔